06 دسمبر 2025

نئی دہلی: معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر جاوید جمیل نے اسلامی خاندانی نظام کی معنویت و اہمیت پر بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایک عالمی’معاشی بنیاد پرستی‘ اب بیشتر عالمی اداروں پر قابض ہے اور عقائد، خاندان اور انسانی صحت پر حملے کر رہی ہے۔ وہ جماعتِ اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہفتہ وار اجتماع میں “اسلامی خاندانی نظام اور جدید دور میں اس کی اہمیت” کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ کارپوریٹ طاقت دولت کو سب سے بڑی قدر سمجھتی ہے اور جنس کو ایک بڑی عالمی صنعت کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ صنعت خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کرتی ہے، بے راہ روی کو فروغ دیتی ہے اور میڈیا کے ذریعے اس کے نقصانات کو چھپاتی ہے۔ اُنہوں نے ایڈز کے عالمی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تین دہائیوں میں تقریباً چھ کروڑ اموات اور اب بھی لاکھوں متاثرہ افراد اور مغربی معاشروں میں جنسی تشدد، جسم فروشی اور سنگل پیرنٹ گھروں کی معتدبہ شرحیں اس کی واضح مثال ہیں۔
ڈاکٹر جمیل کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہر سال تقریباً 7 کروڑ 50 لاکھ اسقاطِ حمل کا حوالہ دیا، جن میں سے بہت سے شادی کے بندھن سے باہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کے جنسی استحصال میں مسلسل اضافے کی طرف بھی نشاندہی کی۔ اُن کے مطابق یہ سب جنسی کاروبار، شراب، جوا اور منڈی کے منافع پر مبنی ثقافت کا براہِ راست نتیجہ ہے۔
اس کے برعکس، انہوں نے اسلامی خاندانی نظام کو امن، صحت اور وقار کا ایک جامع نمونہ قرار دیا۔ اسلام زندگی کو تین سطحوں پر منظم کرتا ہے: فرد، خاندان اور معاشرہ؛ اور اس کا قیام تین اصولوں پر مبنی ہے: حقوق، فرائض اور واضح ممانعتیں۔ انہوں نے قرآن کی اس رہنمائی کو اجاگر کیا جو مرد اور عورت کے درمیان بروقت نکاح اور ذمہ دارانہ شادی، ناجائز تعلقات کی ممانعت، دو سال تک بچے کو دودھ پلانے، اور بیواؤں، مطلقہ خواتین اور بچوں کے مضبوط تحفظ پر زور دیتی ہے۔
انہوں نے مسلم تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ماؤوں کودودھ پلانے پرزور دیں اور فحاشی، جسم فروشی، شراب اور منشیات کے خلاف مہمات چلائیں، اور خاندان دوست پالیسیوں کی قانونی پہچان کے لیے کام کریں۔ انہوں نے مسلم رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ عالمی فورمز پر شراب سے متعلق اموات اور اسقاطِ حمل جیسے مسائل اٹھائیں۔ انہوں نے بھارت کے مسلمانوں سے بھی درخواست کی کہ وہ جرم، عدم مساوات اور اخلاقی زوال جیسے مشترکہ مسائل پر دوسرے مذاہب کے لوگوں کے ساتھ اتحاد قائم کریں، تاکہ معاشرے کو اسلامی تعلیمات برائے خاندان اور سماجی انصاف سے فائدہ پہنچے۔





0 Comments