جماعت اسلامی ہند کے شعبۂ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ (HRD) کے زیرِ اہتمام مرکزی دفتر میں ’ رسک مینجمنٹ اور فائر سیفٹی ‘ کے موضوع پر ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں جماعت کے مرکز میں خدمات انجام دینے والے کارکنان کے علاوہ ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔تربیتی پرگروام میں دفتر میں کام کرنے والے عملے کو فائرسکیورٹی اور آگ سے بچاؤ کے لیے بنیادی باتوں کی تربیت دی گئی ۔
پروگرام کا آغاز ضمیراعظمی کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ اس کے بعد شعبۂ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے سکریٹری عتیق الرحمٰن نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔انہوں نے تربیتی پروگرام کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیفٹی مینجمنٹ سے آگاہی ہر کارکن کے لیے نہایت ضروری ہے۔ٹریننگ پروگرام میں سیفٹی مینیجمنٹ کے ماہر ظہور الاسلام نے صنعتی ، رہائشی اور ادارہ جاتی عمارتوں میں آگ سے تحفظ اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے عملی اقدامات کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ ظہور الاسلام نے کہا کہ کسی بھی آگ کی شروعات بہت چھوٹے پیمانے پر ہوتی ہے اگر بروقت اس پر قابو پا لیا گیا تو بڑی حد تک جانی اور مالی نقصانات سے بچا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رہائشی عمارتوں میں شارٹ سرکٹ اور کچن میں ہونے والی لاپروائیوں کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات زیادہ رونما ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دفتروں میں کام کرنے والے افراد کو ان تمام باتوں سے بچنا چاہئے جس سے آگ لگنے کا خطرہ ہو۔ دفتروں میں فائر اکزٹ کا ہونا لازمی ہے ۔دفتروں کی وائرنگ اوربجلی کے آلات کی جانچ وقت وقت پر کرتے رہنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے تسلیم شدہ بجلی کے سامانوں کا ہی استعمال کرنا چاہئے ۔ تربیتی پروگرام کے دوران ایک تعاملی (Interactive) سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکا نے آگ سے بچاؤ سے متعلق مخلتف قسم کے سوالات کئے۔ فائر سیفٹی کے تربیتی سیشن میں آگ سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری، آگ لگنے کی صورت میں بچاؤ کے طریقوں اور فائر سیفٹی آلات کے مؤثر استعمال پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اس سیشن کا مقصد دفتر میں کام کرنے والے کارکن میں آگ سے متعلق ہنگامی حالات کے دوران درست اور بروقت اقدامات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور انہیں ضروری عملی معلومات سے آراستہ کرنا تھا۔
تربیتی پرگرام میں جماعتِ اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل سید محی الدین شاکر نے اختتامی کلمات پیش کئے۔انہوں نے پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک مفید اور بصیرت افروز تربیتی سیشن منعقد کرنے پر ظہور الاسلام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام شرکاء حاصل شدہ معلومات کو اپنی عملی زندگی میں بروئے کار لا کر ایک محفوظ اور پُرامن دفتری ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
پروگرام کے آخر میں اظہارِ تشکر کے طور پرسید محی الدین شاکر نے ظہور الاسلام کو ایک یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نہال بیگ نے انجام دئے۔





0 Comments