’ مسلمان ملکوں میں سائنس اور ٹکنالوجی ، ایک جائزہ ‘ کے عنوان سے جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا۔اجتماع عام کو ’ سینٹر فار اسٹڈی اینڈ ریسرچ ( سی ایس آر ) کے ڈائرکٹر محمد رضوان نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد رضوان نے مسلم ملکوں میں سائنس اور ٹنکالوجی کی موجودہ صورت حال اور ان کی پیش رفت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلم ملکوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے موضوع پر جب بھی گفتگو ہوتی ہے تو اسلام ، مسلمان اور سائنس جیسے الفاظ سننے میں آتے ہیں۔اس تصور سے ہمارے سامنے دو مختلف زاویے ابھرتے ہیں۔ پہلا منظرنامہ اسلام کے سنہری دور (Golden Age) کا ہے، جب مسلمانوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں غیر معمولی ترقی حاصل کی تھی۔ طبیعیات، طب، حیاتیات ، کیمیا، ریاضیات اور سماجیات جیسے علم کے ہر بڑے میدان میں مسلمانوں نے یونان، چین، روم اور ہندوستان سمیت مختلف تہذیبوں کے علمی ذخیرے سے استفادہ کیا تھا۔ لیکن یہ استفادہ محض نقل نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے مسلمانوں نے تحقیق، تنقید ، تخلیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ایک نئی بنیاد رکھی تھی۔
ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ دوسرا منظرنامہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ آج جب ہم مسلم ملکوں کی بات کرتے ہیں تو ان پر یہ کہہ کر تنقید کی جاتی ہے کہ مسلم ملکوں نے اپنے وسائل کوعیش و عشرت پر صرف کیا، پیٹرول ڈالر کو سائنسی ترقی کے بجائے دوسرے غیر ضروری مقاصد کے لیے استعمال کیا ، جس کی وجہ سے آج وہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں دوسروں کے سامنے محتاج بن کر کھڑے ہیں۔ یہ دونوں منظرنامے ہمارے سامنے موجود ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ دونوں ہی اپنی اپنی جگہ درست ہیں۔
ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ ان دونوں انتہاؤں کے درمیان ایک حقیقت کی لکیر بھی ہے جس کو سمجھنا نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہم سوال یہ ہے کہ گزشتہ پچیس برسوں میں مسلم ممالک نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کیا پیش رفت کی ہے؟ ان کے وژن میں کیا تبدیلی آئی ہے ؟ ان کی عملی کامیابیاں کیا ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ جب ہم مسلم ممالک پر تنقید کرتے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ان میں سے اکثر کو آزادی حاصل ہوئے صرف چالیس، پچاس یا ساٹھ برس ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر ملیشیا کو آزادی ملے تقریباً ستر برس ہی ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو جانچنے کے اپنے معروضی پیمانے (Indicators) ہوتے ہیں۔ اگر آپ یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ کوئی ملک واقعی سائنسی ترقی کر رہا ہے یا نہیں تو اس کے لیے چند بنیادی پیمانے موجود ہیں ۔ سب سے پہلے انڈونیشیا کا ذکر کیا جائے تو اس کی سائنسی کامیابی حیرت انگیز ہے۔ انڈو نیشیا نے گزشتہ برسوں میں بین الاقوامی انڈیکسڈ تحقیقی مقالات (International Indexed Research Papers) کی تعداد میں تین گنا اضافہ کیا ہے۔تحقیقی اشاعتوں میں تین گنا اضافہ کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ کسی بھی ملک کی علمی اور سائنسی پیش رفت کا ایک انتہائی اہم اشاریہ ہے جسے ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انڈونیشیا کی ایک اور نمایاں خصوصیت میٹریل سائنس (Material Science) کے میدان میں اس کی تیز رفتار پیش رفت ہے۔ میٹریل سائنس سے مراد ایسے جدید مادّوں کی تیاری ہے جنہیں انتہائی سخت درجۂ حرارت، دباؤ اور دیگر غیرمعمولی حالات برداشت کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر خلائی جہازوں اور راکٹوں پر جو خاص قسم کی تہہ (Coating) چڑھائی جاتی ہے، وہ عام مادّوں سے مختلف ہوتی ہے۔ انڈونیشیا اس شعبے میں بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
ملیشیا میں سائنسی ترقیوں کا ذکر کرتے ہوئے داکٹر محمد رضوان نے کہا کہ ملیشیا ایک نہایت اہم مسلم ملک ہے۔ خصوصاً دینی اور اسلامی حلقوں میں اسے امید کی ایک روشن مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔گزشتہ بیس برسوں میں ملیشیا کی علمی پیداوار (Knowledge Output) تقریباً تین گنا بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ایک نہایت اہم اور باریک نکتہ بھی ہے۔ عموماً سعودی عرب، قطر یا متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں تحقیقی مقالات زیادہ تر امریکہ، جرمنی، نیدرلینڈ یا دیگر مغربی ممالک کے سائنس دانوں کے اشتراک سے شائع ہوتے ہیں۔ اس طرح بین الاقوامی تحقیقی اشاعتیں نسبتاً آسانی سے سامنے آ جاتی ہیں۔لیکن ملیشیا کا معاملہ اس سے مختلف ہے۔ گزشتہ بیس برسوں میں ملیشیا نے بیرونی تعاون پر اپنا انحصار تقریباً 39 فیصد کم کر کے اپنے مقامی سائنس دانوں اور تحقیقی اداروں کو مضبوط بنایا ہے۔ جس کی اہمیت کا اندازہ تحقیقی میدان سے وابستہ افراد بخوبی لگا سکتے ہیں۔اس وقت عالمی سطح پر اوسط تقریباً 1,270 سائنس دان فی دس لاکھ آبادی ہے، جبکہ ملیشیا میں یہ تعداد 2,300 سائنس دان فی دس لاکھ آبادی تک پہنچ چکی ہے، جو پورے خطے میں سب سے زیادہ ہے۔
ایران میں ہونے والی سائنسی ترقیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور پابندیوں کے باوجود ایران نے صرف چار برسوں میں 49 نئے انوویشن ایکسیلیریٹرز (Innovation Accelerators) قائم کئے ہیں۔ یہ ایک غیرمعمولی پیش رفت ہے۔ اس اعتبار سے ایران کی کارکردگی کئی ترقی یافتہ ممالک سے بھی بہتر سمجھی جا رہی ہے۔اسی طرح ملٹری ٹیکنالوجی اور ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی ایران نے حیرت انگزیز ترقی کی ہے ۔ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ اگرچہ ایران اس شعبے سے متعلق اعداد و شمارعام نہیں کرتا، تاہم دستیاب معلومات کی بنیاد پر یہ واضح ہے کہ اس نے اس میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔اسی سلسلے میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے استعمال سے متعلق حالیہ رپورٹیں بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ایران اپنی مقامی صلاحیتوں کی بنیاد پر مصنوعی ذہانت کے میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ترکی میں جاری سائنسی ترقیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں ترکی ایک ایسے ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے جس کے پاس جدید ترین سائنسی ٹکنالوجی موجود ہے ۔
انفارمیشن ٹنکالوجی میں سعودی عرب کی سبقت کا عتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک عالمی رپورٹ کے مطابق انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) کے استعمال کے اعتبار سے سعودی عرب دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔یہ درست ہے کہ ان میں سے بہت سی ٹیکنالوجی وہ دوسروں سے خریدتا ہے تاہم عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کا وسیع پیمانے پر استعمال بھی ترقی کا ایک اہم اشاریہ سمجھا جاتا ہے۔اسی طرح سمندری پانی کو میٹھا بنانے (Desalination) اور پیٹرولیم سے متعلق تحقیق میں سعودی عرب دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے آگے ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد رضوان نے سوال قائم کیا کہ اگر مسلم ملکوں میں اتنی سائنسی ترقیاں ہو رہی ہیں تو اس کے خاطر خواہ نتائج کیوں نہیں بر آمد ہو رہے ہیں ؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری رائے میں اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلم ممالک جب تک کچھ بنیادی عوامل پر پوری سنجیدگی سے کام نہیں کریں گے، تب تک ہم ایک حقیقی سائنسی نشاۃِ ثانیہ (Scientific Renaissance) کی توقع نہیں کر سکتے اور نہ ہی وہ مقام حاصل کر سکتے ہیں جو آج یورپ یا امریکہ کو حاصل ہے۔ان میں پہلا بنیادی عامل یہ ہے کہ سیاسی قیادت سائنس اور ٹیکنالوجی کے معاملے میں پوری طرح سنجیدہ ہو۔اسے یہ احساس ہو کہ اگر ملک کو علم پر مبنی معیشت بنانا ہے، تیل یا قدرتی وسائل پر انحصار کم کرنا ہے، نوآبادیاتی اثرات سے مکمل آزادی حاصل کرنی ہے اور اختراع (Innovation) کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنا ہے، تو سائنس اور ٹیکنالوجی کو قومی ترجیحات میں اولین مقام دینا ہوگا۔دوسرا بنیادی عامل یہ ہے کہ عوام میں سائنسی بیداری برقرار رہے اور ملک کی تعمیر و ترقی کا جذبہ زندہ رہے۔تیسرا بنیادی عامل یہ ہے کہ ملک میں کسی قسم کی بھی سیاسی افراتفری نہ ہو جو قومی ترقی کے عمل کو پٹری سے اتار دے۔سیاسی اختلافات اور تبدیلیاں ہر معاشرے میں ہوتی رہتی ہیں، لیکن اگر سیاسی عدم استحکام اس حد تک بڑھ جائے کہ پورا ملک ترقی کے راستے سے ہٹ جائے تو سائنس اور ٹیکنالوجی کی مسلسل پیش رفت بھی متاثر ہو جاتی ہے۔
اجتماع عام میں معززین شہر کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔جلسے میں سوال جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔





0 Comments