’ حکمت قرآن کے فہم میں عقل انسانی کا کردار ‘ کے موضوع پر اجتماع عام کا انعقاد

دسمبر 15, 2025

 

قرآن حکیم میں عقل و حکمت کے استعمال پر بہت زور دیا گیا ہے ۔ قرآن کی تفہیم میں حکمت اور عقل کا بنیادی کردار ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام کا پورا فوکس عقل و دانائی پر ہے ۔لیکن قرآن کی حکمت کو کیسے تلاش کیا جائے ۔اس کے مفہوم کو کیسے سمجھا جائے ۔ اس کے لیے قرآن کی آیات پر غور و فکر ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف قرآنک وزڈم کے ڈائرکٹر پروفیسر اسرار احمد خان نے کیا ۔ ’ حکمت قرآن کے فہم میں عقل انسانی کا کردار ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجتماع میں علم ، حکمت اور فہم قرآنی کے مختلف نکات پر غور و فکر کیا گیا ۔اپنے خطاب میں پروفیسر اسرار احمد خان نے حکمت قرآن کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی تعلیمات میں حکمت اور عقل کا بنیادی کردار ہے ۔قرآن نے کئی مقامات پر صراحت کے ساتھ اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اس کی تعلیمات حکمت پر مبنی ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے محکم آیات کے ذریعے اس کو کھول کر بیان کیا ہے ۔انہوں کہا کہ عام طور پر قرآن کو قرآن مجید ، قرآن کریم اور قرآن پاک کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے ۔دراصل ہمیں اس کو قرآن حکیم کہنا چاہئے کیوں کہ اللہ نے اس میں حکمت بیان فرمائی ہے ۔ حکمت کے لغوی معنی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمت کے لغوی معنی ہیں منع کرنا یا کسی چیز کو کسی چیز سے باندھنا ۔اسی لیے گھوڑے کو جو لگام لگائی جاتی ہے ، اسے عربی میں حکمت بھی کہتے ہیں ۔حکمت کے ذریعے خراب باتوں پر روک لگائی جاتی ہے ۔ساری خرابی اور سارے فساد کو باہر نکال دینے کا نام حکمت ہے ۔اللہ تعالیٰ نے قرآن میں علم اور حکمت کو ایک ساتھ بیان کیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے امام شافعی کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام شافعی کے مطابق سنت رسولؐ کو حکمت کہتے ہیں ۔پروفیسر اسرار حمد خان نے کہا کہ اردو کے بعض مفسرین نے عقل کا ترجمہ اور تفسیر مناسب طریقے سے نہیں کیا ۔جس کی وجہ سے اس کا مفہوم محدود ہو کر رہ گیا ہے ۔جبکہ قرآنی تناظر میں عقل کا مفہوم وسیع تر معنوں میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی تفہیم کے لیے چھ بنیادی اصطلاحیں موجود ہیں ۔ تدبر ، تفکر ، تعقل ، تفقہ ، تحسّن اور تذکّر ۔ تدبر یہ ہے کہ آیات قرآنی پر نتیجہ خیزی کی حد تک غور کیا جائے ۔تفکر یہ ہے کہ اس کی تعلیمات پر فکر کیا جائے ۔تعقل یہ ہے کہ قرآنی آیات کو سمجھنے میں عقل کا استعمال کیا جائے ۔تفقہ یہ ہے کہ قرآن کے مفاہیم کی گہرائی میں اترا جائے ۔تحسّن یہ ہے کہ قرآن کے پیغام کو عمدگی کی طرف لے جایا جائے اور تذّکر یہ ہے کہ قرآن کو یاد رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قرآنی اصطلاحات کی مترادفات نہیں بنائی جانی چاہئے۔کیوں کہ یہ عمل انسانی ذہنوں کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک نئی فکر کے ساتھ قرآن کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔تاکہ قرآن کے نئے زاوئے سامنے آ سکیں ۔اپنے خطاب میں اسرار احمد خان نے سورہ فاتحہ سے لیکر سورہ الناس تک کے مفاہیم پر روشنی ڈالی ۔پروگرام کے آخر میں سوال جواب کا سلسلہ چلا ۔اجتماع عام میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔ اجتماع عام میں تلاوت ترجمہ شیخ لقمان نے پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض ظہیر احمد نے ادا کئے ۔

محبت بانٹیں

0 Comments