ملک کا مسلم نوجوان سماج میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے ۔لیکن اس کے لیے خود کو بدلنا ہوگا ۔اخلاقی اقدار کے حامل نوجوان ہی ایک کامیاب سماجی تحریک چلا سکتے ہیں ۔عام تحریکوں سے صرف حکومتیں بدلتی ہیں ۔ہمیں سماج کو بدلنے کے لیے کام کرنا ہوگا ۔آئینی اقدار پر مبنی پرامن تحریک سماج میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ’ نیشنل فیڈریش آف یوتھ موومنٹس ‘ کے چئیر مین مسیح الزماں انصاری نے کیا ۔ ’ ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار ‘ کے عنوان سے جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔
اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے مسیح الزماں انصاری نے جنتر منتر پر ہونے والے جین۔ زی کے احتجاجی مظاہرے کا خصوصی ذکر کیا ۔انہوں نے کہا کہ سی اےاے کے خلاف ایک مظاہرہ شاہین باغ میں بھی ہوا تھا ۔لیکن اس احتجاج میں جس نظم وضبط اور اخلاقی قدروں کا مظاہرہ کیا گیا وہ اپنے آپ میں مثال ہے ۔اگر شاہین باغ کے مظاہرے کا موازنہ جنتر منتر سے کیا جائے تو ہم پائیں گے کہ جنتر منتر مظاہرے کے دوران نوجوانوں نے اخلاقی اصولوں کی پابندی نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی آندولن میں گالی اور تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے ۔مسلم نوجوانوں کے حوالے سے کفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو اپنے سماجی اور دینی فریضہ کا علم ہونا چاہئے ۔بحیثیت مسلمان سماج کی تعمیر اور ترقی اس کا دینی فریضہ ہے ۔یہ کام صرف مسلم نوجوان ہی کر سکتے ہیں ۔سماج میں انصاف ، مساوات ، اخوت اور یکجہتی قائم کرنے کے لیے مسلم نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا ۔
ملک کے عام حالات کا ذکر کرتے ہوئے مسیح الزماں انصاری نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے لیے حالات انتہائی تشویش ناک ہیں ۔مسلم نوجوانوں کو برسوں تک جیلوں میں رکھا جا رہا ہے ۔ان کی ماب لنچنگ کی جا رہی ہے ۔مسلم عورتوں کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ان کے بنیادی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں ۔ان مشکل حالات میں مسلم نوجوانوں کو ’ وکٹم ‘ کی نفسیات سے باہر نکلنا ہوگا ۔شکایت کرنے یا دکھوں کو بیان کرنے سے معاملے حل نہیں ہوا کرتے ۔اس کے لیے پہلے خود کو پھر حالات کو بدلنے کی جدو جہد کرنی ہوگی ۔قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک کہ وہ خود اپنے حالات میں تبدیلی نہ لے آئے ۔مسلم نوجوان یہ تبدیلی لا سکتے ہیں ۔لیکن فی الوقت وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھ نہیں رہے ہیں ۔انہیں اپنے کردار کو طے کرنے کے لیے سماجی اور دینی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔سب سے پہلے جس سماج کو ہم بدلنے کی بات کر رہے ہیں ، اس کے بارے میں پوری طرح سے آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے ۔آندولن کے دوران اخلاقی قدریں اور جمہوری زبان استعمال کی جائیں ۔ کوئی بھی احتجاجی مظاہرہ بد اخلاقی اور تشدد سے پاک ہونا چاہئے ۔اس ضمن میں اسلام کے بنیادی اصول عدل و انصاف اور مساوات کو ہمیشہ سامنے رکھنے کی ضرورت ہے ۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ نوجوان ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں اور ملت کی قیادت کو سنبھالیں ۔نوجوانوں کو خود کو قیادت کے لیے تیار کرنا ہوگا ۔انہیں اس بات کا مکمل یقین ہونا چاہئے کہ ان کی کوششوں سے سماج میں تبدیلی ضرور آئے گی ۔ اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔جلسے میں سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا جس میں نوجوانوں نے مختلف قسم کی سوالات کئے۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔





0 Comments